اُڈپی:9؍ فروری (ایس اؤ نیوز) کرناٹکا ہائی کورٹ میں منگل کو حجاب پر شنوائی کے دوران ریاست بھر میں کیسری شال اورپگڑی پہن کر جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے بعض لڑکوں نے جس طرح کا تشدد برپا کیا اس کے پیچھے اے بی وی پی اور سنگھ پریوار لیڈران کا ہاتھ ہے۔ اس بات کا الزام کیمپس فرنٹ آف انڈیا (سی ایف آئی) نے لگایا ہے۔
اور کل 8 فروری کو ہائی کورٹ میں جب حجاب پر شنوائی ہورہی تھی تو ریاست بھر میں بیک وقت کیسری شال اور پگڑی پہن کر جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے فساد برپاکئے جانےکے پیچھے اے بی وی پی اور سنگھ پریوار لیڈران کا ہاتھ ہونے کا کیمپس فرنٹ آف انڈیا نے الزام لگایا ہے۔
اُڈپی میں سی ایف آئی ضلعی شاخ کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں گفتگوکرتے ہوئے ذمہ داران نے بتایا کہ اُڈپی کے سرکاری پی یو کالج سے حجاب کا جو تنازعہ شروع ہوا تھا اُسے مقامی سطح پر ہی حل کرنا چاہئے تھا مگر یہ معاملہ بی جے پی کے رکن اسمبلی کی شہہ پر ریاست کے مختلف اضلاع میں پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ حجاب کے بہانے شیموگہ کے ایک کالج میں قومی پرچم لہرانے والے کھمبے پر بھگوا پرچم لہرا کر، ریاست بھر کے طلبا کو مشتعل کرکے جئے شری رام کے نعرے لگانے ، کیسری شال مہیا کرتےہوئے عوامی ملکیت کو برباد کرکے ، منڈیا کالج کی تنہا طالبہ کا گھیراؤ کیاگیا۔
مڈکیری میں اپنی ہم جماعت کو کیسری شال پہننے کےلئے زبردستی کی گئی اور اُس پرچُھرا گھونپنے کا بھی واقعہ پیش آیا۔ غرض سنگھ پریوار کی قیادت میں ریاست بھر میں ایک ساتھ فساد برپا کیاگیا۔ کیمپس فرنٹ آف انڈیا نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ ابھی تک قومی پرچم کے کھمبے پر چڑھ کر قومی جھنڈے کو اُتار کر جن لوگوں نے بھگواپرچم لہرایا تھا اُن کے خلاف ملک غداری کا کیس درج نہیں ہوا۔ اتنا سب کچھ ہونے پر بھی وزیرا علیٰ خاموش ہیں جو قابل افسوس بات ہے۔
اے بی وی پی اور سنگھ پریوارنے ریاست بھر میں جس قدر ہنگامہ برپا کیا، اُس کے بارے میں ہر ایک واقف ہے، مگر اتناسب کچھ ہونے کے باوجود پرائمری اور ہائی اسکول کے وزیر ناگیش نے کیمپس فرنٹ آف انڈیا پرالزام عائد کرنا نہ صرف بےبنیاد بلکہ قابل مذمت ہے۔
کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر عطاء اللہ پنجالکٹی نے کہا کہ حجاب معاملے میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا واضح کردینا چاہتی ہے کہ کیمپس فرنٹ آف انڈیا ہر حال میں قائدانہ رول ادا کرتے ہوئے دستور کے مطابق ، طالبات کے دستوری حق کی حمایت میں قانونی طورپر جدوجہد کرے گی۔ اس موقع پر کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی کمیٹی کے ممبر مسعود منا، ضلعی صدر اصیل اکرم ودیگر موجود تھے۔